لاہور — سابق قومی کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئی اور نہایت اہم انتظامی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں، جس کے بعد وہ نوجوان کرکٹرز کی ترقی اور مستقبل کی ٹیموں کی تیاری میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کو پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں کا انچارج مقرر کیا گیا ہے، جہاں وہ ٹیموں کی اسٹرکچرنگ، پلاننگ اور کارکردگی کی نگرانی کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ انڈر 18 اور شاہینز ٹیموں کے کوچز، ٹریننگ پروگرامز اور بیرونِ ملک دوروں کی نگرانی بھی کریں گے۔
سرفراز کو اجازت ہوگی کہ وہ نوجوان ٹیموں کے ساتھ بطور انچارج دوروں میں شریک بھی ہوسکیں تاکہ کھلاڑیوں کی فٹنس، تکنیک اور گراؤنڈ میں فیصلے کرنے کی صلاحیت کو قریب سے دیکھ سکیں۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ سرفراز احمد پہلے ہی نوجوان کرکٹرز کے ساتھ کام شروع کر چکے ہیں۔ چند روز قبل انہوں نے این سی اے میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے ساتھ وکٹ کیپنگ سیشن بھی کرایا، جسے کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کی جانب سے سراہا گیا۔
سرفراز احمد کی اس نئی ذمہ داری کو پاکستان کرکٹ میں نوجوان ٹیلنٹ کو پروفیشنل سطح پر تیار کرنے کی مضبوط کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں قومی ٹیم کو بہتر اور تیار شدہ کھلاڑی میسر آئیں گے۔

