دوحہ — رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔
بھارت کے 137 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان شاہینز نے صرف 13.2 اوورز میں مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا۔ معاذ صداقت نے 79 رنز کی جارحانہ اور میچ وننگ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ محمد نعیم نے 14 اور یاسر خان نے 11 رنز کا اضافہ کیا۔
اس سے قبل دوحہ میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت اے ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور کی آخری گیند پر 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے ویبھو سوریا ونشی نے 45 رنز کی برق رفتار اننگز جبکہ نامن داہر نے 35 رنز اسکور کیے، تاہم دیگر کھلاڑی بڑی شراکت قائم نہ کر سکے۔
پاکستان کی جانب سے باؤلرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ شاہد عزیز نے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صفیان مقیم، احمد دانیال اور عبید شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے دوران ایک موقع پر کھیل کے باہر کی صورتحال بھی توجہ کا مرکز بنی، جب ٹاس کے وقت بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے مصافحہ نہیں کیا۔ ایونٹ انتظامیہ کے مطابق اس واقعے پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پاکستان شاہینز کی اس فتح کے ساتھ ایمرجنگ ایشیا کپ میں ان کی کارکردگی کا تسلسل برقرار ہے۔

