ناروے نے میلان میں اٹلی کو 1-4 سے شکست دے کر 28 سال بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی

0

میلان: اٹلی کے تاریخی شہر میلان میں کھیلے گئے ہائی وولٹیج فٹ بال میچ میں ناروے نے میزبان اٹلی کو 1-4 سے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ یہ فتح نہ صرف ایک شاندار اپ سیٹ ثابت ہوئی بلکہ 28 سال بعد ورلڈ کپ 2026 میں براہِ راست جگہ بنانے پر نارویجن ٹیم کے اعتماد میں بھی غیر معمولی اضافہ کر گئی۔

میچ کا آغاز اٹلی کے دباؤ سے ہوا، مگر ناروے کے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش کے ساتھ کھیل میں واپسی کی اور اطالوی اسٹیڈیم سان سیرو میں موجود ہزاروں شائقین کو حیران کر دیا۔ ابتدائی نقصان کے باوجود ٹیم نے بھرپور کم بیک کیا اور آخرکار میچ کو 1-4 کے بڑے مارجن سے اپنے نام کر لیا۔

دوسرے ہاف میں انتونیو نوسا اور ایرلنگ براؤٹ ہالینڈ نے کھیل کا نقشہ بدلتے ہوئے شاندار گول اسکور کیے، جس نے میچ کا رخ مکمل طور پر ناروے کے حق میں موڑ دیا۔ بارش سے بھرا ہوا میدان، شور مچاتے اطالوی شائقین اور سان سیرو کا دباؤ بھی نارویجن ٹیم کو نہ روک سکا۔

ناروے کے کھلاڑیوں نے بعد ازاں اعتراف کیا کہ طاقتور اطالوی شائقین کے سامنے سان سیرو میں کھیلنا، گھر کے میدان اولیوال اسٹیڈیم میں کھیلنے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل امتحان تھا—لیکن اسی امتحان نے انہیں مضبوط تر بنا دیا۔

اس تاریخی فتح کے بعد ناروے بھر میں جشن کا سماں تھا۔ سڑکوں پر خوشی کے نعرے گونج اٹھے، گھروں میں جشن منایا گیا، جبکہ نارویجن میڈیا کے مطابق شہزادہ ہاکون، شہزادی سویری میگنس اور تقریباً 4 ہزار نارویجن فٹ بال فینز میلان پہنچ کر ٹیم کا حوصلہ بڑھا رہے تھے۔

ناروے کی یہ جیت نہ صرف ایک میچ کی کامیابی ہے بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیتی ہے کہ یورپی فٹ بال میں ایک نئی اور بھرپور طاقت ابھر رہی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.