اقوام متحدہ نے ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور کرلی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ منصوبے کی حمایت میں پیش کی گئی قرارداد منظور کرلی، جس میں غزہ کے لیے بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی اور ایک عبوری حکومت کے قیام کی تجاویز شامل ہیں۔
قرارداد کے حق میں 13 ممالک نے ووٹ دیا، جن میں پاکستان بھی شامل تھا، جبکہ روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
منظور شدہ منصوبے میں غزہ کی تعمیر نو، حماس کو غیر مسلح کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی اقدامات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
سلامتی کونسل میں امریکی مندوب نے قرارداد کو "تاریخی اور تعمیری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی سنگین صورتحال کے پیش نظر عالمی برادری نے متحد ہو کر عملی قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے مصر، قطر، اردن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، انڈونیشیا اور پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
امریکی مندوب نے کہا کہ غزہ کے استحکام کے لیے آج کی قرارداد ایک اہم پیش رفت ہے اور اس سے خطے میں پائیدار امن کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔