ٹیکساس کے گورنر نے مسلمانوں کی بڑی امریکی تنظیم کو دہشتگرد قرار دے دیا، مسلمانوں کا احتجاج، مذہبی آزادی پر غیر آئینی حملہ قرار دیا
امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا ہے، جو امریکا میں سب سے بڑی اور دنیا کی چند اہم مسلم تنظیموں میں شامل ہے۔
گورنر ایبٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ سی اے آئی آر کا اثر و رسوخ صرف امریکا تک محدود نہیں بلکہ ریاست اب تنظیم کو شٹ ڈاؤن کرنے اور زمین خریدنے پر پابندی لگانے کا اختیار رکھتی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے ٹیکساس میں کام کرنے والی تمام شرعی عدالتوں کی تحقیقات کا بھی حکم دیا تھا، جس پر مقامی مسلم کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
سی اے آئی آر نے گورنر کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی آزادی پر غیر آئینی حملہ قرار دیا۔ تنظیم کے مطابق شرعی عدالتوں کی تحقیقات اور پابندی مسلم مخالف سازشی نظریات پر مبنی ہیں اور پہلی ترمیم کے تحت محفوظ بنیادی مذہبی حقوق پر براہ راست حملہ ہیں۔
سی اے آئی آر نے ایک تفصیلی بیان میں کہا کہ شرعی عدالتوں پر پابندی یہودی یا کیتھولک قوانین پر پابندی کے مترادف ہوگی، اور گورنر کی ہدایات ٹیکساس کے مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی ہیں۔ تنظیم نے گورنر پر پہلی ترمیم کو نظرانداز کرنے اور اسرائیلی حکومت کی تنقید سے بچانے کی کوشش کا بھی الزام لگایا۔