بنگلادیش میں 5.7 شدت کا زلزلہ، ڈھاکا سمیت کئی شہر لرز اٹھے

0

ڈھاکا: بنگلادیش میں 5.7 شدت کے زلزلے نے دارالحکومت ڈھاکا سمیت متعدد شہروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ جمعرات کی صبح آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے مشرقی بھارت کے شہر کولکتہ اور دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلہ صبح 10 بج کر 38 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ بنگلادیش محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز نرسنگدی ضلع تھا جو ڈھاکا سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، جبکہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شہری بڑی تعداد میں گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ کئی مقامات پر لوگ سڑکوں پر جمع ہوگئے اور صورتحال کا جائزہ لینے لگے۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اس سے قبل میانمار میں بھی 3.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے باعث وہاں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق زلزلہ 10 کلو میٹر گہرائی میں آیا، جس کے بعد آفٹر شاکس کا امکان موجود ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اتھلے (کم گہرائی والے) زلزلے نسبتاً زیادہ خطرناک تصور کیے جاتے ہیں کیونکہ ان کی توانائی سطح تک پہنچتے ہی تیز محسوس ہوتی ہے۔

این سی ایس کے مطابق اس سے قبل 14 نومبر کو بھی 3.9 شدت کا زلزلہ 35 کلو میٹر گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ میانمار اپنی جغرافیائی پوزیشن کی وجہ سے معتدل اور شدید زلزلیاتی سرگرمیوں کے خطرات سے دوچار رہتا ہے، جبکہ اس کی طویل ساحلی پٹی پر سونامی کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.