قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات کل ہوں گے، سیکیورٹی پلان جاری
اسلام آباد: ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کل منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 18 ہری پور، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال، این اے 185 ڈیرہ غازی خان، این اے 96 اور این اے 104 فیصل آباد میں پولنگ کا عمل صبح سے شروع ہوگا۔
صوبائی اسمبلی کے لیے پی پی 98، پی پی 115، پی پی 116، پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفرگڑھ میں بھی ووٹنگ کل ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے متعلقہ انتظامیہ کو پُرامن اور شفاف پولنگ کے لیے مکمل تیاری کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب انتخابی عمل کی سیکیورٹی سے متعلق الیکشن کمیشن نے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے لیے ضابطۂ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ ضابطے کے مطابق پولیس پہلی، سول آرمڈ فورسز دوسری جبکہ پاک فوج تیسری رسپانڈر کے طور پر ذمہ داریاں ادا کریں گی۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر پاک فوج کے اہلکار تعینات ہوں گے۔
بیلٹ پیپرز کی سیکیورٹی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت پرنٹنگ پریس پر پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے جبکہ بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی مواد کی ترسیل کے دوران بھی انہی فورسز کی نگرانی شامل ہوگی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات کا مقصد ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔