امریکی نائب صدر کا زیلنسکی سے رابطہ، یوکرین نے نیا امن منصوبہ موصول ہونے کی تصدیق کر دی
یوکرین میں امن کی کوششوں کے سلسلے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے رابطہ کرکے انہیں امریکا کے پیش کردہ 28 نکاتی امن منصوبے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ وائٹ ہاؤس ذرائع کے مطابق اس رابطے کا مقصد جنگ بندی اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔
یوکرینی قیادت نے امریکا کا نیا امن پلان موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ صدر زیلنسکی نے واضح کیا کہ وہ اس منصوبے پر غور کر رہے ہیں اور جلد ہی اپنی متبادل تجاویز پیش کریں گے۔
زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین امریکا اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ ’’جلد اور پرسکون‘‘ مذاکرات چاہتا ہے تاکہ ایسا حل تلاش کیا جائے جو یوکرین کے قومی مفادات کے مطابق ہو۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ کیف اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
یوکرینی صدر نے یورپ کو یوکرین کی ’’ڈھال‘‘ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یورپی ممالک موجودہ بحران میں یوکرین کا ساتھ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کی گئی ہیں، جبکہ روس نے بھی امن مذاکرات پر مشروط آمادگی کا عندیہ دیا ہے۔