عالمی سطح پر پاکستان کی برتری کا اعتراف، بھارت میں سیاسی طوفان برپا
نئی دہلی میں سیاسی ماحول اس وقت شدید تناؤ کا شکار ہے جب عالمی سطح پر پاکستان کی برتری کا اعتراف سامنے آیا ہے۔ امریکی کانگریس کی ایک تازہ رپورٹ میں بھارت کے آپریشن "سندور” کی ناکامی اور معرکۂ حق میں پاکستان کی فتح کا براہِ راست ذکر کیا گیا ہے، جس کے بعد بھارتی سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما جے رام رمیش نے اس رپورٹ کو بنیاد بنا کر وزیرِاعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کی رپورٹ میں واضح طور پر تسلیم کیا گیا ہے کہ پہلگام میں کوئی دہشت گرد حملہ نہیں ہوا، جبکہ پاک بھارت حالیہ جنگ میں پاکستان فاتح رہا۔
جے رام رمیش نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت نے پہلگام واقعے کو انتہا پسندی کا نام دے کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، تاہم امریکی رپورٹ نے بھارتی بیانیے کو ’’بڑا دھچکا‘‘ پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی شکست کے باوجود مودی کی ’’مجرمانہ خاموشی‘‘ قوم کے ساتھ ناانصافی ہے۔
کانگریس رہنما نے مزید کہا کہ رپورٹ میں نہ صرف بھارت کی عسکری پسپائی کا اعتراف کیا گیا ہے بلکہ بھارتی سفارتی وفد کی ناکام حکمتِ عملی پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جنگ کے دوران 7 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور متعدد اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی عسکری برتری ثابت کی۔
واضح رہے کہ بھارت کی اس ناکامی کے حوالے سے عالمی میڈیا پہلے بھی مختلف رپورٹس پیش کر چکا ہے، جبکہ اب امریکی کانگریس کی رپورٹ آنے کے بعد بھارتی حکومت شدید دباؤ کی زد میں ہے۔