پاکستان نے ٹی 20 ٹرائی نیشن سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی
راولپنڈی: پاکستان نے ٹی 20 ٹرائی نیشن سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔ گرین شرٹس نے 129 رنز کا ہدف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 15.3 اوورز میں حاصل کیا۔
اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 45 گیندوں پر ناقابل شکست 80 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ دیگر بیٹرز میں صائم ایوب نے 20، بابراعظم نے 16 رنز بنائے جبکہ کپتان سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے 2 اور شانکا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنا سکی۔ جانتھ لیاناگے 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کوشل پریرا نے 25 اور کامل مشرا نے 22 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان مرزا، فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پاؤں کی انجری کے باعث میچ میں شامل نہیں تھے، ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو الیون کا حصہ بنایا گیا۔ پاکستانی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، ابرار احمد، محمد وسیم جونیئر اور سلیمان مرزا شامل تھے۔