اے ایف سی انڈر 17 کوالیفائرز: پاکستان نے کمبوڈیا کو 1-3 سے شکست دے دی
ریاض: ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) انڈر 17 کوالیفائرز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کمبوڈیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی میدان پر بھرپور گرفت قائم رکھی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عبداللہ، عبدالصمد اور حمزہ یاسر نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ تینوں کھلاڑیوں نے میچ میں نہ صرف جارحانہ کھیل پیش کیا بلکہ دفاعی حکمت عملی میں بھی موثر کردار ادا کیا۔
میچ کے دوران مجموعی طور پر قومی ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھائی، تاہم چند کھلاڑیوں کی فٹنس اور بال پر جلد بازی تشویش کا باعث بنی۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ اگلے میچ سے قبل ان خامیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنا اگلا میچ میزبان کرغزستان کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گا۔