ایران کے ہائیرکینین جنگلات میں آگ بھڑک اُٹھی، عالمی ورثہ کو بچانے کیلئے بین الاقوامی مدد کی اپیل

0

تہران:  ایران نے ایلیٹ چالوس جنگل میں لگی آگ کے پھیلاؤ کے بعد ہائیرکینین جنگلات کے اُس حصے کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی عالمی مدد کی اپیل کی ہے جو یونیسکو کے عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل ہے۔

اطلاعات کے مطابق ترکی کے خصوصی فائر فائٹنگ طیارے مرزن آباد پہنچ چکے ہیں، جبکہ روس، بیلاروس اور آذربائیجان نے بھی آگ بجھانے میں مدد فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ آگ 20 روز قبل ہائیرکینین جنگلات میں لگی تھی، جو بحیرۂ کیسپین کے ساحل کے ساتھ تقریباً ایک ہزار کلومیٹر تک پھیلے ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل آگ پر جزوی طور پر قابو پا لیا گیا تھا، تاہم موسمی حالات کے باعث شعلے دوبارہ بھڑک اُٹھے۔ زمین اور فضا سے بیک وقت آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ ہائیرکینین جنگلات ایران اور آذربائیجان کے ساحلی خطے میں واقع ہیں، جن کی عمر 25 سے 50 ملین سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ یہ جنگلات نایاب نباتات اور جنگلی حیات کے تنوع کے باعث انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق آگ کے باعث اب تک 40 ہیکٹر پر محیط جنگلات متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ حکام صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.