انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز: پاکستان نے کرغزستان کو 1-3 سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی
بشکیک میں جاری انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میزبان کرغزستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ یہ قومی جونیئر ٹیم کی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری فتح ہے، جس نے اگلے مرحلے کی امیدوں کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔
میچ کے پہلے ہاف میں پاکستان دو صفر کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ وقفے کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول اسکور کیا، جس کے نتیجے میں اسکور 1-3 رہا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔
پاکستان کی جانب سے محمد مصطفیٰ، عبدالصمد اور محمد عیسیٰ نے ایک ایک گول اسکور کیا اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
قومی ٹیم اب اپنا تیسرا میچ 26 نومبر کو لاؤس کے خلاف کھیلے گی، چوتھا میچ 28 نومبر کو یمن اور آخری گروپ میچ 30 نومبر کو گوام کے خلاف شیڈول ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق مسلسل کامیابیوں کے بعد کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہے اور اگلے میچوں میں بھی بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔