پاکستان کے کامیاب ترین ٹینس اسٹار اعصام الحق نے اپنے کیریئر کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان پاکستان کے پہلے اے ٹی پی چیلنجر کپ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
اعصام الحق کا یہ ٹورنامنٹ ان کا آخری بین الاقوامی ایونٹ ہوگا، جس میں وہ مزمل مرتضیٰ کے ساتھ ڈبلز ایونٹ کھیلیں گے۔ انہوں نے دو دہائیوں تک بین الاقوامی ٹینس مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور قومی سطح پر ٹینس کو عالمی سطح تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اعصام الحق نے اپنے کیریئر میں 18 اے ٹی پی ٹائٹلز جیتے اور 2010 میں یو ایس اوپن مینز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ان کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کو عالمی ٹینس میں پہچان دلائی اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوئی۔
