پاکستانی سفیر کی اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر سے ملاقات—متعدد عالمی و علاقائی امور پر تبادلۂ خیال
اقوامِ متحدہ – اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے منگل کے روز جنرل اسمبلی کی صدر اینالینا بیئربوک سے ملاقات کی، جس میں جنرل اسمبلی کے ایجنڈے پر موجود اہم عالمی اور علاقائی امور پر گفتگو کی گئی۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان مشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق، ملاقات میں UN80 اصلاحات، سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے طریقہ کار سمیت اقوامِ متحدہ کے ڈھانچے اور کارکردگی سے متعلق متعدد موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ UN80 اصلاحات کا مقصد عالمی ادارے کو موجودہ عالمی تقاضوں کے مطابق جدید بنانے، اس کی کارکردگی میں بہتری لانے اور اس کے اثر و رسوخ کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔
دونوں سفارت کاروں نے کثیرالجہتی نظام کی اہمیت، اقوامِ متحدہ کے چارٹر سے وابستگی، مشترکہ عالمی اہداف کے حصول اور درپیش چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر جنرل اسمبلی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔