سعودی عرب میں ملازمین کے لیے ڈریس کوڈ کے نئے ضوابط جاری, مردوں کیلئے قومی لباس جبکہ خواتین باوقار لباس اختیارکرنا لازم

0

ریاض – سعودی وزارتِ افرادی قوت و سماجی بہبود نے سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ ساتھ غیر منافع بخش شعبے کے ملازمین کے لیے ڈریس کوڈ کی پابندی سے متعلق نئے ضوابط متعارف کرا دیے ہیں۔ وزارت کے مطابق تمام کارکنان کے لیے مناسب اور باوقار لباس اختیار کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ضوابط کے تحت مرد ملازمین کے لیے قومی لباس پہننے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسا باوقار لباس اختیار کریں جو نہ باریک ہو اور نہ چست۔ وزارت جلد ان ضوابط پر عوامی رائے کے حصول کے لیے پورٹل پر تجاویز طلب کرے گی۔

نئے قواعد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ تمام کارکنان اپنی ڈیوٹی کے دوران اسلامی تعلیمات اور مملکت کی تہذیب و ثقافت کے مطابق بہترین اخلاق کا مظاہرہ کریں اور دوسروں کے حقوق کا احترام کریں۔

مزید یہ کہ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹی، سرکاری تقریبات یا میڈیا پروگراموں میں شرکت کے دوران ایسے طرزِ عمل سے گریز کریں جس سے مذہبی جذبات مجروح ہوں، قبائلی سوچ کو فروغ ملے یا ایسے سیاسی مؤقف اور نظریات کا اظہار ہو جو مملکت کے سرکاری مؤقف سے متصادم ہوں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.