فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ، تیسرا مرحلہ 11 دسمبر سے شروع ہوگا

0

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے شائقین کا جوش تاریخی سطح پر پہنچ گیا ہے اور ٹکٹوں کی فروخت کے ابتدائی دو مراحل میں تقریباً 20 لاکھ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ فیفا کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت کا تیسرا مرحلہ 11 دسمبر سے شروع ہوگا، جو کہ Random Selection Draw کے لیے اہم مرحلہ ہے۔ اندراج کا عمل 11 دسمبر کو 11:00 صبح (ای ٹی) / 17:00 (سی ای ٹی) سے شروع ہو کر 13 جنوری تک جاری رہے گا۔

اس مرحلے میں شائقین پہلی بار گروپ اسٹیج کے مقررہ میچوں اور مخصوص ٹیموں کے سنگل میچ ٹکٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ ابتدائی مراحل میں سب سے زیادہ ٹکٹ میزبان ممالک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کے شہریوں نے حاصل کیے، جبکہ انگلینڈ، جرمنی، برازیل، کولمبیا، اسپین، ارجنٹینا اور فرانس ٹکٹ خریدنے والے ممالک میں نمایاں رہے۔ مجموعی طور پر 212 ممالک اور خطوں کے مداح ٹکٹ خرید چکے ہیں۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے ٹکٹ فروخت میں غیرمعمولی دلچسپی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن شائقین نے اپنی نشستیں محفوظ کر لی ہیں وہ خوش قسمت ہیں، جبکہ دیگر کیلئے 11 دسمبر سے نیا موقع شروع ہو رہا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیومو شیرگی کے مطابق اب تک 42 ٹیمیں ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں اور دنیا بھر میں ایونٹ کے حوالے سے بے مثال جوش دیکھا جا رہا ہے۔

میکسیکو سٹی میں افتتاحی میچ میں 200 دن سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور شمالی امریکا میزبان کے طور پر مکمل تیار ہے۔ فیفا نے واضح کیا ہے کہ Random Selection Draw میں شامل ہونے کے لیے شائقین کو FIFA.com/tickets پر اندراج کرنا ہوگا۔ جن صارفین کے پاس فیفا آئی ڈی موجود ہے وہ اسی اکاؤنٹ سے درخواست دے سکیں گے، جبکہ نئے صارفین کو پہلے اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔ درخواست جمع کرانے کا وقت کامیابی کے امکانات پر اثر نہیں ڈالے گا۔

کامیاب درخواست دہندگان کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا اور فروری 2026 میں ان کے کارڈ سے ادائیگی خودکار طور پر وصول کی جائے گی۔ جزوی کامیابی کی صورت میں کچھ میچوں کے ٹکٹ جاری کیے جائیں گے، مگر تمام نہیں۔ فیفا نے شائقین کو خبردار کیا ہے کہ ٹکٹ صرف سرکاری ویب سائٹ سے ہی خریدیں کیونکہ غیر سرکاری ذرائع سے لیے گئے ٹکٹ کالعدم قرار دیے جا سکتے ہیں۔

ٹکٹ کا حصول میزبان ممالک میں داخلے کی ضمانت نہیں، اس لیے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے ویزا قوانین سے جلد از جلد آگاہی حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اگر کوئی ٹکٹ بچ گئے تو ٹورنامنٹ کے قریب آنے پر انہیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر فروخت کیا جائے گا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی قرعہ اندازی 5 دسمبر کو ہوگی، جس کے بعد میچوں کا حتمی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث اسے تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ قرار دیا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.