سابق وزیرِاعظم بنگلادیش خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک، سی سی یو منتقل
ڈھاکا — بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیا کی طبیعت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ڈھاکا کے ایورکیئر اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (سی سی یو) میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق خالدہ ضیا کو پھیپھڑوں اور دل کے انفیکشن کے باعث سی سی یو میں رکھا گیا ہے، جہاں ماہر ڈاکٹروں کا بورڈ ان کی نگرانی کر رہا ہے۔ بی این پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خالدہ ضیا کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
خالدہ ضیا کو اتوار کی شب سینے کے شدید انفیکشن کے باعث اسپتال لایا گیا تھا، جو دل اور پھیپھڑوں دونوں کو متاثر کر رہا تھا۔ ابتدائی علاج کے بعد بھی ان کی حالت بگڑنے پر انہیں سی سی یو منتقل کیا گیا۔
79 سالہ سابق وزیراعظم متعدد پیچیدہ امراض میں مبتلا ہیں، جن میں دل کے مسائل، جگر اور گردوں کی خرابی، ذیابیطس، پھیپھڑوں کی بیماریاں، گٹھیا اور آنکھوں کے عوارض شامل ہیں۔ ان کے دل میں مستقل پیس میکر نصب ہے اور وہ پہلے بھی اسٹنٹس لگوا چکی ہیں۔
مئی میں لندن سے علاج کے بعد وطن واپسی کے بعد سے خالدہ ضیا ایورکیئر اسپتال میں باقاعدہ طبی معائنوں سے گزر رہی ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ بشمول طارق رحمان اور زبیدہ رحمان ڈاکٹرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی صحت کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ ہیں۔