روسی حکام کا واٹس ایپ کو قوانین کی خلاف ورزی پر مکمل پابندی کی دھمکی، پیوٹن نے یورپ پر حملے کے خدشات مسترد کر دیے

0

روس کے ریاستی مواصلاتی نگراں ادارے روسکومنیڈزور نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر واٹس ایپ نے ملکی قوانین کی پاسداری نہ کی تو اسے مکمل طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ اقدام اُن پابندیوں کا تسلسل ہے جو روس نے حال ہی میں واٹس ایپ اور ٹیلی گرام پر کالز سے متعلق عائد کی تھیں۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ اور دیگر پلیٹ فارمز، بشمول میٹا، فراڈ اور دہشت گردی کے کیسز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کر رہے، جس کے باعث ان کی خدمات پر مکمل پابندی کا امکان بڑھ گیا ہے۔ روسکومنیڈزور کے مطابق واٹس ایپ جرائم کی روک تھام کے لیے بنائے گئے ضابطوں پر عمل درآمد میں ناکام رہا ہے۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یورپی ممالک پر حملے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں پیوٹن نے کہا کہ ماسکو کا یورپ پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ اس حوالے سے تحریری یقین دہانی دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

پیوٹن نے ممکنہ روسی جارحیت سے متعلق مغربی قیاس آرائیوں کو ’’جھوٹ‘‘ اور ’’مکمل فضول‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس نے کبھی ایسا منصوبہ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یورپی ممالک چاہیں تو ماسکو باضابطہ طور پر عدم جارحیت کی دستاویز فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.