وائٹ ہاؤس حملے کے بعد امریکا نے افغان پاسپورٹ رکھنے والوں کے ویزے معطل کر دیے
وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکا نے افغانستان سمیت 19 ممالک کے شہریوں کے لیے داخلے کی پالیسی سخت کر دی ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے تمام افراد کے لیے ویزوں کا اجرا فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ پناہ کی درخواستوں پر فیصلے بھی روک دیے گئے ہیں۔
محکمۂ خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدامات قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ حکام کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کے لیے وفاقی مراعات ختم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وائٹ ہاؤس کے قریب ایک افغان حملہ آور کی فائرنگ سے خاتون نیشنل گارڈ ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوا تھا۔ واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا تیسری دنیا کے شہریوں کے لیے دروازے بند کرنے کی پالیسی پر عمل کرے گا۔