ٹرمپ کا وینزویلا کی فضائی حدود کو "مکمل بند” قرار دینے کا اعلان، کراکس میں بے چینی

0

واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے اوپر اور اس کے اطراف کی فضائی حدود کو "مکمل طور پر بند” سمجھا جانا چاہیے، تاہم انہوں نے اس اقدام کے طریقہ کار یا مقصد سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔ اعلان کے بعد وینزویلا میں تشویش اور الجھن پیدا ہو گئی ہے، جبکہ امریکی حکام بھی اس بیان سے لاعلم دکھائی دیے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں ایئرلائنز، پائلٹس، منشیات فروشوں اور انسانی اسمگلروں کو وینزویلا کی فضائی حدود سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ امریکی حکام سے جب اس بارے میں رائٹرز نے رابطہ کیا تو وہ اس اقدام سے بے خبر تھے، پینٹاگون نے بھی تبصرے سے گریز کیا۔

وینزویلا کی حکومت نے اس اعلان کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کی خودمختاری کے خلاف "نوآبادیاتی دھمکی” اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

فضائی حدود کی ممکنہ بندش کے اعلان پر ماہرین نے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ سابق لیفٹیننٹ جنرل ڈیوڈ ڈیپٹولا کا کہنا ہے کہ ایسے کسی اقدام کے لیے بڑے پیمانے پر معلومات، منصوبہ بندی اور وسائل درکار ہوں گے۔

دوسری جانب امریکی انتظامیہ وینزویلا پر دباؤ بڑھانے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق واشنگٹن، منشیات اسمگلنگ کے الزامات کی بنیاد پر صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خلاف مزید سخت اقدامات پر غور کر رہا ہے۔ مادورو ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ امریکہ انہیں ہٹانا چاہتا ہے، جس کی وہ مزاحمت کریں گے۔

ٹرمپ نے حال ہی میں کہا تھا کہ امریکہ "بہت جلد” وینزویلا کے منشیات اسمگلروں کے خلاف زمینی کارروائیاں شروع کر سکتا ہے۔ اس سے پہلے کیریبین میں امریکی بحریہ کی موجودگی میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

کراکاس میں شہریوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ فضائی پابندی کی صورت میں سفری سہولیات، کاروبار اور خاندانوں سے ملنے کے مواقع متاثر ہوں گے۔

وینزویلا نے امریکہ پر "لاطینی امریکہ میں نوآبادیاتی عزائم” کا الزام لگاتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اقدام کی مذمت کرے۔ ایران نے بھی ٹرمپ کے بیان کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

حکام کے مطابق حالیہ ہفتوں میں ملک کے بعض حصوں میں سیکیورٹی فورسز کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ GPS سگنلز میں بھی رکاوٹیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ ہفتے وینزویلا کی فضائی حدود سے متعلق وارننگ جاری کی تھی، جس کے بعد ٹرمپ کا اعلان سامنے آیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.