اسلام آباد کے 3 میگا عوامی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔
وزیرِداخلہ محسن نقوی نے ٹی چوک فلائی اوور، شاہین چوک انڈر پاس اور فیض آباد انٹرچینج پراجیکٹس کا دورہ کیا، تینوں پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔
محسن نقوی نے تینوں منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے تینوں منصوبوں کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا۔
فیض آباد انٹرچینج پر ٹریفک روانی کو مزید بہتر بنانے کے لیے لوپ ون اور لوپ ٹو کو تین لین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محسن نقوی نے پراجیکٹس کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے دونوں اطراف لینڈ اسکیپنگ اور لائٹس لگانے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، پراجیکٹس کی تکمیل سے ٹریفک روانی میں نمایاں بہتری آئے گی، منصوبے سے ٹریفک دباؤ کم ہوگا اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور سے جڑواں شہروں اور پنجاب سے آنے والے مسافر بھی مستفید ہوں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے وزیرِ داخلہ کو تینوں منصوبوں پر پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی
اس موقع پر ممبران سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے اور یہ فلائی اوور دسمبر کے شروع میں کھول دیا جائے گا، شاہین چوک انڈر پاس کے 70 گرڈرز کی لانچنگ مکمل ہوگئی ہے، باقی گرڈرز کا کام جلد مکمل کیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے ریمپ ون اور ریمپ ٹو کا 100 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔