نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار — نیویارک ٹائمز نے بھارتی ترقی کا پول کھول دیا
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی تازہ رپورٹ میں بھارت کی ترقی کے دعوؤں پر سوال اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نئی دہلی دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر بن چکا ہے، جہاں فضائی آلودگی عالمی سطح پر مقررہ محفوظ حد سے 20 گنا تجاوز کر چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کی شدت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ صدر ہاؤس اور انڈیا گیٹ جیسے مرکزی مقامات کے درمیان حدِ نگاہ تقریباً صفر ہو چکی ہے۔ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چہل قدمی جیسی صحت مند سرگرمی بھی نئی دہلی میں شہریوں کے لیے خطرناک بنتی جا رہی ہے۔
اخبار کے مطابق شہر کے اسپتالوں میں سانس اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں 40 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کے اس بحران کے باوجود مودی سرکار نے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کے بجائے مانیٹرنگ اسٹیشنز کے باہر اینٹی اسموگ گنز چلا کر عوام کو گمراہ کرنے پر توجہ دی ہوئی ہے۔
مزید براں، بھارتی حکومت پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ وہ فضائی آلودگی کے اصل اعداد و شمار چھپانے کے لیے مختلف مانیٹرنگ اسٹیشنز کا ڈیٹا تلف کر رہی ہے، جس سے شہریوں کو درپیش خطرات کی حقیقی صورتحال مزید مبہم ہو رہی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آلودگی میں مسلسل اضافہ صحت، معیشت اور ماحول تینوں کے لیے سنگین خطرہ ہے، جبکہ حکومتی عدم توجہی مسئلے کو مزید گھمبیر بنا رہی ہے۔