سعودی عرب اور روس کے درمیان باہمی ویزا استثنیٰ کا معاہدہ، سیاحت و کاروبار میں تعاون کا نیا دور

0

ریاض: سعودی عرب اور روسی فیڈریشن نے اپنے شہریوں کے لیے باہمی ویزا سے استثنیٰ کا معاہدہ کر لیا ہے، جس پر دستخط ریاض میں 01 دسمبر 2025 کو منعقدہ سعودی–روسی سرمایہ کاری و کاروباری فورم کے موقع پر ہوئے۔ افتتاحی سیشن کی صدارت سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز اور روسی نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے کی۔

معاہدے پر دستخط سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور روسی نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے کیے۔ نئے ویزا استثنیٰ کے تحت دونوں ممالک کے شہری سفارتی، خصوصی اور عام پاسپورٹ کے ساتھ سیاحت، کاروبار یا عزیز و اقارب سے ملاقات کے لیے بغیر ویزا ایک سال کے اندر 90 دن قیام کر سکیں گے، چاہے مسلسل ہو یا وقفے وقفے سے۔

اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانا، باہمی دوروں میں اضافہ کرنا اور سیاحت، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ اور باہمی تعاون کی وسعت کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

تاہم معاہدہ اُن افراد پر نافذ نہیں ہوگا جو کام، تعلیم، قیام یا حج کے لیے سفر کر رہے ہیں، کیونکہ ان کے لیے مخصوص ویزا درکار ہوگا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ روس وہ پہلا ملک ہے جس کے ساتھ سعودی عرب نے ایسا باہمی ویزا استثنیٰ معاہدہ کیا ہے جس میں عام پاسپورٹ رکھنے والے شہری بھی شامل ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.