مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات نئی بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں، مجموعی برآمدات چھ ارب انتالیس کروڑ ڈالر سے زائد رہیں، گزشتہ سال کے مقابلے میں چار فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ملکی معیشت کے اہم شعبے ٹیکسٹائل سیکٹر سے مثبت اشاریے سامنے آگئے ہیں۔ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات چھ ارب انتالیس کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں، جو گزشتہ مالی سال کے چھ ارب چودہ کروڑ ڈالر کے مقابلے میں چارفیصد زیادہ ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر دوہزارپچیس میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات ایک ارب اکسٹھ کروڑ ڈالر رہیں، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں اعشاریہ پانچ سات فیصد کم ہیں۔ تاہم گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جب برآمدات ایک ارب باسٹھ کروڑ ڈالر تھیں۔
دوسری جانب ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ملکی پیداوار بھی بہتر رہی۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پیداوار ایک اعشاریہ آٹھ آٹھ فیصد بڑھی، جبکہ صرف ستمبر دوہزارپچیس میں پیداوار میں پانچ اعشاریہ نو پانچ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

