لاہور: ترکیےکی حکمران جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ برہان کایا ترک کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کےکام کرنےکی رفتار ترکیے سے بھی تیز ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ترکیےکے وفد نے ملاقات کی۔ ترک پارلیمنٹ کے رکن اور ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی کی یورپی یونین ہم آہنگی کمیٹی کے صدر برہان کایاترک نے وفد کی قیادت کی ۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، معاشی، ماحولیاتی اور پارلیمانی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پارلیمانی وفود اور قانون ساز اداروں کےدرمیان مستقل روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فلڈ منیجمنٹ،کلین ٹرانسپورٹ، جنگلات کے تحفظ اور کلائمیٹ اسمارٹ انفرا اسٹرکچر میں مشترکہ تعاون پرگفتگو کی گئی۔
برہان کایا ترک کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کےکام کرنےکی رفتار ترکیے سے بھی تیز ہے، ترکیے کے عوام قائد اعظم محمد علی جناح اور محمد نواز شریف کے مدا ح ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے حالیہ سیلاب کے دوران ترک حکومت اور قوم کی بروقت امداد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں ترکیےکی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ برہان کایا ترک کا دورہ بھائی چارے، تاریخی ورثے اور باہمی اعتماد کا زندہ ثبوت ہے، اعلیٰ سطح کے روابط امن و استحکام اور خوشحالی کے اجتماعی عزم کو مضبوط بنا رہے ہیں، پاکستان اور ترکیے نے ہر آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے انصاف، خودمختاری اور انسانی وقار کے اصولوں پر ہمیشہ یکجا کھڑے رہے، مسئلہ فلسطین پر ترکیے کی بےخوف، اصولی اور جرات مندانہ آواز امت کے لیے اعتماد کا ذریعہ ہے،کشمیر سے غزہ تک، پاکستان اور ترکیے کے دلوں اور مؤقف میں کوئی دوری نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ تعمیرات، توانائی، شہری منصوبہ بندی میں ترکیےکی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

