صدر پیوٹن یوکرین کے ساتھ جاری جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں: ٹرمپ
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی ماسکو میں ہونے والی ملاقات مثبت اور اچھی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے نتائج کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے اور پیش رفت فریقین کے رویے اور اقدامات پر منحصر ہوگی۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ صدر پیوٹن یوکرین کے ساتھ جاری جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عالمی سطح پر تنازعات کم کرنے کے لیے سرگرم ہیں اور اب تک دنیا میں آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں، جن میں سے پانچ جنگیں تجارتی ٹیرف کے ذریعے روکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد انسانی جانوں کو بچانا ہے اور اسی لیے دنیا بھر میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ ان کے معاونین آج یوکرینی مذاکرات کاروں سے ملاقات کریں گے تاکہ تنازع کے حل کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
وینزویلا سے متعلق پالیسی پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے اردگرد امریکی فوج کی موجودگی صرف دباؤ بڑھانے کی مہم تک محدود نہیں، بلکہ منشیات کی اسمگلنگ کرنے والی کشتیوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ زمینی کارروائی کا آغاز بھی جلد کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا کی سڑکوں، گھروں اور تنصیبات کے بارے میں تمام معلومات امریکی حکام کے پاس موجود ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔