یوروویژن 2026 — اسرائیل کی شرکت کی منظوری، متعدد یورپی ممالک نے بائیکاٹ کا اعلان کردیا
یورپی براڈکاسٹنگ یونین (EBU) نے یورو ویژن 2026ء کے عالمی موسیقی مقابلے میں اسرائیل کی شرکت کی اجازت دے دی، جبکہ اسرائیل کی شمولیت پر کسی قسم کی ووٹنگ کرانے سے بھی گریز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یونین نے مقابلے کے فیصلوں پر بیرونی دباؤ یا مداخلت کو روکنے کیلئے نئے ضابطے بھی متعارف کروائے ہیں، جن کا مقصد ایونٹ پر سیاسی اثراندازی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
اس فیصلے کے بعد یورپی ممالک میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور متعدد ریاستوں نے فلسطین میں جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات کی بنیاد پر اسرائیل کی شرکت کو مسترد کرتے ہوئے ایونٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق:
-
اسپین، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور سلووینیا نے یورو ویژن 2026 سے علیحدگی اختیار کرلی۔
-
ان ممالک کا مؤقف ہے کہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات کے باوجود اسے عالمی پلیٹ فارم پر نمائندگی دینا غیر اخلاقی ہے۔
-
آئرلینڈ نے تو اسرائیل کی شمولیت پر باقاعدہ بائیکاٹ کی دھمکی بھی دے دی ہے۔
یورویژن 2026ء اب سفارتی تنازع کی شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے، جہاں ایک طرف نئی پالیسی کے تحت اسرائیل کی شمولیت کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ دوسری جانب کئی یورپی ممالک احتجاجاً پلیٹ فارم چھوڑ چکے ہیں۔