پاکستان میں کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ نیشنل گیمز 2025 آج کراچی میں سجنے جا رہا ہے، جہاں نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہونے والی شاندار افتتاحی تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مہمانِ خصوصی ہوں گے اور رسمی اعلان کے ساتھ گیمز کا آغاز کیا جائے گا۔
تقریب میں وفاقی و صوبائی حکام، کھیلوں سے وابستہ معزز شخصیات اور سابق اولمپئنز سمیت اہم مہمان شرکت کریں گے۔ صوبائی وزیر کھیل اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سردار محمد بخش خان مہر کی ہدایت پر تقریب کو شاندار بنانے کے لیے مکمل تیاریاں کی جا چکی ہیں، جس کا وہ خود اسٹیڈیم کا دورہ کرکے جائزہ بھی لے چکے ہیں۔
تقریب کا آغاز نیشنل گیمز کی مشعل کی اسٹیڈیم آمد سے ہوگا جو ملک بھر کا سفر طے کرنے کے بعد کراچی پہنچے گی۔ مشعل برداروں میں ساؤتھ ایشین گیمز گولڈ میڈلسٹ نسیم حمید سمیت متعدد ہاکی اولمپئنز اور قومی کھیلوں کے نمایاں نام شامل ہوں گے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ایتھلیٹس کی جانب سے حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد سندھ کی ثقافتی جھلکیاں، میوزیکل پرفارمنس اور شاندار آتش بازی سے اسٹیڈیم گونج اٹھے گا۔ معروف گلوکار حدیقہ کیانی اور علی ظفر اپنی آواز سے تقریب کو رنگ دیں گے۔
35ویں نیشنل گیمز میں شرکت کے لیے ملک کی تمام بڑی محکماتی و صوبائی ٹیمیں میدان میں اتر رہی ہیں۔
حصہ لینے والی ٹیموں میں شامل ہیں:
محکمہ جاتی دستے:
-
پاکستان آرمی
-
واپڈا
-
ہائر ایجوکیشن کمیشن
-
پاکستان نیوی
-
پاکستان ایئر فورس
-
پاکستان ریلویز
-
پولیس
علاقائی ٹیمیں:
-
پنجاب
-
سندھ
-
بلوچستان
-
خیبر پختونخوا
-
گلگت بلتستان
-
آزاد کشمیر
-
اسلام آباد
کراچی 18 برس بعد اور مجموعی طور پر آٹھویں بار نیشنل گیمز کی میزبانی کر رہا ہے۔
پاکستان میں پہلے نیشنل گیمز 23–25 اپریل 1948 کراچی کے پولو گراؤنڈ میں ہوئے تھے جن کا افتتاح بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کیا تھا۔ پہلی ٹرافی پنجاب کے حصے میں آئی تھی جسے بعد ازاں قائداعظم ٹرافی کہا جانے لگا۔
اب تک:
| شہر | انعقاد کی تعداد |
|---|---|
| لاہور | 10 بار |
| کراچی، پشاور | 7–7 بار |
| ڈھاکہ، کوئٹہ | 4–4 بار |
| فیصل آباد، ساہیوال | 1–1 بار |
سب سے زیادہ 28 مرتبہ پاکستان آرمی نے نیشنل گیمز اپنے نام کیے ہیں۔

