ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش پوری ہوگئی، فیفا کا پہلا امن ایوارڈ ٹرمپ کے نام
واشنگٹن: فٹبال گورننگ باڈی فیفا (FIFA) نے عالمی امن کے لیے خدمات کے اعتراف میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا پہلا ’’امن ایوارڈ (FIFA Peace Award)‘‘ پیش کیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں 2026 میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی ڈراز تقریب کے موقع پر دیا گیا۔
تقریب واشنگٹن میں منعقد ہوئی جہاں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے باضابطہ طور پر امریکی صدر کو ایوارڈ پیش کیا۔ امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فیفا نے پچھلے ماہ اس ایوارڈ کے اجرا کا اعلان کیا تھا جس کا بنیادی مقصد ایسے عالمی رہنماؤں اور شخصیات کی خدمات کو سراہنا ہے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر امن اور استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہو۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے اہم ترین اعزازات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی سفارتی کوششوں سے دنیا میں ممکنہ جنگوں کے خطرات کم ہوئے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد ملی۔ ان کے مطابق کانگو تنازع اور پاکستان و بھارت کے درمیان کشیدگی ایسے معاملات تھے جن میں براہ راست مداخلت کے ذریعے امن قائم رکھنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
صدر ٹرمپ نے جیانی انفینٹینو کی قیادت کو بھی سراہا اور کہا کہ ٹکٹ فروخت اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے نئے عالمی ریکارڈ فیفا کی مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہیں۔ ان کے بقول یہ کامیابی نہ صرف انفینٹینو بلکہ عالمی فٹبال کے لیے بھی بڑا سنگِ میل ہے۔