ممبئی : بھارت کی سیاحتی ریاست گوا کے ایک نائٹ کلب میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا اور اے ایف پی کے مطابق آگ کا واقعہ شمالی ساحلی علاقے ارپورا میں نصف شب کے قریب پیش آیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ نئے سال سے قبل جشن منانے کے لیے موجود تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاں بحق افراد میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ کی تصدیق — عدالتی تحقیقات کا حکم
گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری ریاست کے لیے انتہائی افسوسناک دن ہے، ہم نے 25 قیمتی جانیں کھو دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مرنے والوں میں 3 سے 4 سیاح شامل ہیں، البتہ ان کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کو روکا جا سکے۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے رات گئے تک آپریشن جاری رکھا اور نائٹ کلب کے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔ حکام کے مطابق کلب میں موجود قابلِ اشتعال مواد کے باعث آگ تیزی سے پھیلی جس کے نتیجے میں جانی نقصان بڑھ گیا۔

