کراچی — پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے دو ابھرتے ہوئے اداکار خاقان شاہنواز اور سبینہ سید رشتۂ ازدواج میں بندھنے کے پہلے مرحلے، منگنی، کے لیے ایک دوسرے کے شریکِ سفر بن گئے۔ دونوں فنکاروں نے ہفتے کے روز انسٹاگرام پر مشترکہ پوسٹ کے ذریعے منگنی کا اعلان کیا جس کے بعد ساتھی فنکاروں، مداحوں اور دوستوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں دونوں روایتی پنجابی لباس میں کھلے میدانوں کے خوبصورت پس منظر کے ساتھ نظر آئے۔ جوڑے نے دلکش کیپشن لکھا "ہمارا تو ہو گیا، آپ لوگ اپنا دیکھ لو” جس پر مداحوں نے خوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اداکاری کا سفر — ایک مختصر جائزہ
سبینہ سید نے 2017 میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور کم وقت میں اپنی باصلاحیت پرفارمنس کے ذریعے پہچان بنائی۔
انہوں نے ’مقدر‘، ’یقین کا سفر‘، ’دوبارہ‘ اور ’ایک اور لو اسٹوری‘ جیسے معروف ڈراموں میں اداکاری کی، جبکہ وہ جلد ہی آنے والی ڈرامہ سیریز ’نیلی کوٹھی‘ میں بھی نظر آئیں گی۔
دوسری جانب خاقان شاہنواز نے 2023 میں ڈرامہ انڈسٹری میں ڈیبیو کیا اور ڈرامہ ’یونہی‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ اس کے بعد وہ ’سکون‘، ’مائی ڈئیر سنڈریلا‘ اور ’ویری فلمی‘ جیسے پروجیکٹس میں بھی شامل رہے اور اپنی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ کیا۔
پہلے بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں
خاقان شاہنواز اور سبینہ سید اس سے قبل معروف برانڈ کلئیر شیمپو کی سوشل میڈیا مہم میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ دونوں کو متعدد تقریبات میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا، جن میں اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی بھی شامل ہے۔

