اسلام آباد — پاکستان کی ویمنز فٹبال کے لیے ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فیفا نے پہلی مرتبہ پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کو فیفا سیریز میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جسے ملک میں ویمنز فٹبال کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ترقی کا بھرپور اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ فیفا سیریز میں شمولیت قومی ویمنز ٹیم کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ اس فیصلے سے پاکستانی کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا، جو ان کے تجربے اور مہارت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ویمنز فٹبال کی ترقی کے لیے یہ پیش رفت انتہائی اہم ہے، اور اس سے عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو بھی مضبوطی ملے گی۔
واضح رہے کہ فیفا ویمنز سیریز مارچ اور اپریل 2026 میں منعقد کی جائے گی۔ اس سیریز کا آغاز برازیل، آئیوری کوسٹ اور تھائی لینڈ میں ہوگا، جبکہ تمام گروپس کا باضابطہ اعلان 2026 کے اوائل میں متوقع ہے۔
