امریکی اسپیشل فورسز کا بحرِ ہند میں کارروائی، چین سے ایران جانے والے جہاز سے دفاعی سامان ضبط
واشنگٹن / بحرِ ہند: امریکی اسپیشل فورسز نے گزشتہ ماہ بحرِ ہند میں ایک خفیہ کارروائی کے دوران چین سے ایران جانے والے ایک جہاز پر چھاپہ مار کر دفاعی نوعیت کا سامان ضبط کر لیا۔ امریکی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس کارروائی میں ایران کے لیے بھیجے جانے والے روایتی ہتھیاروں کے پرزے برآمد کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی اہلکاروں نے جہاز کو سری لنکا کے قریب بین الاقوامی سمندری حدود میں روکا اور مکمل تلاشی کے بعد اس پر موجود مشتبہ دفاعی سامان قبضے میں لے لیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی علاقائی سلامتی اور اسلحے کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے کی گئی۔
امریکی اخبار کے مطابق ضبط کیا گیا دفاعی سامان موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا تاکہ اسے کسی بھی صورت میں ایران یا کسی اور فریق تک منتقل نہ کیا جا سکے۔ تاہم رپورٹ میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ سامان کس نوعیت کے ہتھیاروں سے متعلق تھا یا اس کی مقدار کتنی تھی۔
کارروائی کے بعد جہاز کو آگے سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ عملے کے خلاف کسی فوری قانونی کارروائی کی اطلاع نہیں دی گئی۔ امریکی حکام کی جانب سے اس آپریشن کی باضابطہ تفصیلات محدود رکھی گئی ہیں، جسے مبصرین خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سکیورٹی اقدام قرار دے رہے ہیں۔
بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا ایران پر اسلحے کی ترسیل اور فوجی صلاحیتوں کے حوالے سے گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ چین اور ایران کے درمیان دفاعی و اسٹریٹجک تعاون پر مغربی ممالک پہلے ہی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔
تاحال چین اور ایران کی جانب سے اس واقعے پر کوئی سرکاری ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے خطے میں سفارتی اور عسکری اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔