غزہ کی پٹی سے ملبہ ہٹانے کے اخراجات اسرائیل برداشت کرے: امریکہ

0

واشنگٹن : امریکا نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ کے نتیجے میں جمع ہونے والے ملبے کو ہٹانے کے اخراجات خود برداشت کرے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب نے اس پر آمادگی ظاہر کر دی ہے اور بھاری انجنیئرنگ آپریشن کی مکمل ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

العربیہ اور یدیعوت آحرونوت کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح کے علاقے کو خالی کرنے کا عمل شروع کرے گا تاکہ اس کی از سرِ نو تعمیر ممکن ہو سکے۔ امریکی حکام نے مطالبہ کیا تھا کہ ملبہ ہٹانے کے عمل کی ذمہ داری اسرائیل اٹھائے، کیونکہ دو سالہ جنگ نے اس علاقے کو تقریباً مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

غزہ کی موجودہ صورتحال:
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق غزہ میں تقریباً 6 کروڑ 80 لاکھ ٹن ملبہ موجود ہے، جو علاقے کی زیادہ تر عمارتوں کے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے کا نتیجہ ہے۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تخمینے کے مطابق یہ وزن نیویارک کی ایمپائر اسٹیٹ عمارت کے برابر تقریباً 186 ٹاوروں کے برابر ہے۔

امریکا کی سرپرستی میں طے پانے والے فائر بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے تحت غزہ کی تعمیرِ نو کا آغاز ملبہ ہٹانے کے بعد ممکن ہوگا، اور رفح کی تعمیرِ نو کو سب سے پہلے شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر ملبہ ہٹانے اور تعمیر نو پر ایک ارب ڈالر سے زائد لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.