امریکی انٹیلی جنس: 2 ہزار افغان شہریوں کے دہشت گرد تنظیموں سے روابط کا انکشاف

0

واشنگٹن – امریکی نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے بتایا ہے کہ امریکا میں موجود تقریباً 18 ہزار افغان شہریوں میں سے 2 ہزار کے دہشت گرد تنظیموں سے براہِ راست یا ممکنہ روابط پائے گئے ہیں۔

گبارڈ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں بائیڈن انتظامیہ کے دوران امریکا آنے والے افغان شہریوں کی جانچ کے سست عمل پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن "الائیز ویلکم” کے تحت امریکا آنے والے افغان شہریوں کی مکمل اور مؤثر جانچ نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں بعض افراد کے دہشت گرد تنظیموں کے روابط سامنے آئے ہیں۔

تلسی گبارڈ نے مزید کہا کہ داعش اور دیگر بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں امریکی سرزمین پر حملے کی منصوبہ بندی میں مسلسل سرگرم ہیں اور یہ تنظیمیں ایسے افراد کی تلاش میں ہیں جو ان حملوں میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس خطرے کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام امریکی انٹیلی جنس ادارے اس معاملے میں فعال ہیں اور ہر افغان شہری کا قریب سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ گزشتہ چند سالوں میں غیر قانونی طریقے سے امریکا داخل ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے قومی سلامتی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

اس انکشاف کے بعد امریکی حکام نے اندرونِ ملک سیکیورٹی کے اقدامات میں اضافہ کرنے اور افغان شہریوں کی جانچ کے عمل کو تیز کرنے کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.