سوڈان میں ڈرون حملے میں یو این امن مشن کے 6 بنگلادیشی فوجی ہلاک، 8 زخمی

0

خرطوم — سوڈان کے کدوگلی شہر میں ڈرون حملے کے نتیجے میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کے امن مشن کے چھ ارکان جاں بحق ہو گئے جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوئے۔ تمام متاثرین بنگلادیشی شہری ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق یہ حملہ امن فوج کے لاجسٹکس بیس کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جس سے مشن کے اہلکار شدید متاثر ہوئے۔ حملے کے بعد یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بلاجواز حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔

سوڈانی فوج نے اس حملے کا الزام نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) پر عائد کیا ہے، جو حالیہ برسوں میں ملک میں جاری خانہ جنگی میں سرگرم عمل ہے۔

یاد رہے کہ سوڈان میں اپریل 2023ء سے جاری خانہ جنگی میں ہزاروں افراد ہلاک اور تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اور ملک میں انسانی بحران سنگین شکل اختیار کر چکا ہے۔ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری نے متاثرہ شہریوں کی فوری مدد اور امن فوج کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.