محسن نقوی کا مظفرآباد اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز کرانے کا اعلان، پی سی بی بورڈ نے بڑے ترقیاتی فیصلوں کی منظوری دے دی
لاہور — چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے مظفرآباد اسٹیڈیم میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان پی سی بی بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کے ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہونے والے اہم اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اجلاس میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیرِ نو کے دوسرے مرحلے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی، جبکہ لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ کو انگلینڈ کے تاریخی اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں انفراسٹرکچر کی بہتری کو ملکی کرکٹ کے مستقبل کے لیے کلیدی قرار دیا گیا۔
بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل لندن اور نیویارک روڈ شوز کی شاندار کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی محنت اور پروفیشنل ازم کو سراہا۔ اجلاس میں سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورۂ پاکستان کو کامیابی سے جاری رکھنے پر بھی چیئرمین پی سی بی کی ذاتی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جس پر بی او جی ممبران نے ان کے لیے باقاعدہ قراردادِ تشکر بھی منظور کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے دورے کو جاری رکھنے کا کریڈٹ کسی ایک فرد کو نہیں بلکہ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اخلاص اور نیت کے ساتھ محنت کی اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیابی عطا کی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پی سی بی اور پی ایس ایل کی پوری ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے، اور لیگ کو ایک مضبوط عالمی برانڈ بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز نے دن رات محنت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی کی بھرپور کوشش ہے کہ پی ایس ایل 11 کے میچز مظفرآباد اسٹیڈیم میں بھی کروائے جائیں، جبکہ مستقبل میں وہاں باقاعدہ انٹرنیشنل میچز بھی کرانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
محسن نقوی نے اجلاس کو بتایا کہ اسلام آباد میں ایک جدید، اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، جو ملکی کرکٹ انفراسٹرکچر میں ایک اہم اضافہ ہوگا۔
اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ریجنل سطح پر معروف نجی فرم نے کلبز کی اسکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے پی ایس ایل روڈ شوز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ مستقبل کے آئی سی سی ویمنز اور مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کے بارے میں بھی بورڈ کو آگاہ کیا گیا۔
مزید برآں، ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے، نچلی سطح پر ٹورنامنٹس اور میچز کی تعداد میں اضافے، اور گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کی تلاش کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں اسماعیل قریشی، طارق سرور، سجاد علی کھوکھر، انوار غنی، ظہیر عباس اور تنویر احمد شریک ہوئے، جبکہ ظفر اللہ، مصطفیٰ رمدے، عدنان ملک، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر، ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ، کمرشل اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔