پاکستان سپر لیگ 11 کا شیڈول جاری، 8 ٹیموں کے درمیان 44 میچز، ایونٹ 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک جاری رہے گا
لاہور — پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کا مجوزہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور ایونٹ سنگل لیگ فارمیٹ کی بنیاد پر منعقد ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم کو لیگ مرحلے میں کم از کم 10 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان سپر لیگ 11 کا آغاز 26 مارچ 2026 سے ہوگا جبکہ فائنل میچ 3 مئی 2026 کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچز پاکستان کے 5 مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے، جن کے ناموں کا اعلان بعد میں متوقع ہے۔
شیڈول کے مطابق 39 دنوں پر محیط اس ایونٹ میں پہلے مرحلے کے دوران 28 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ مرحلے کے اختتام پر دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا، جس میں 8 ٹیموں کو 4،4 ٹیموں پر مشتمل دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
دوسرے مرحلے کو ’’سپر فور‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف 3،3 میچز کھیلے گی۔ سپر فور مرحلے میں مجموعی طور پر 12 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ 2 ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ذرائع کے مطابق پلے آف مرحلے کے میچز کے بعد فائنل کھیلا جائے گا، جہاں پی ایس ایل 11 کی چیمپئن ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔ پی سی بی حکام کا ماننا ہے کہ 8 ٹیموں کی شمولیت سے لیگ مزید مسابقتی، دلچسپ اور کمرشل طور پر مضبوط ہو گی، جبکہ شائقین کو زیادہ میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔
پی ایس ایل 11 کے شیڈول اور فارمیٹ کو فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں میچ وائز شیڈول، وینیوز اور ٹیم اسکواڈز سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔