ایرانی ریال کی تاریخی گراوٹ، ایک امریکی ڈالر 13 لاکھ ریال کے برابر ہو گیا
تہران — ایرانی کرنسی ریال کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ حد تک گر گئی ہے، جہاں ایک امریکی ڈالر اب 13 لاکھ ایرانی ریال کے برابر ہو چکا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریال کو درپیش قدر میں مسلسل کمی کا بحران گزشتہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں غیر معمولی شدت اختیار کر گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015 میں طے پانے والے معاہدے کے وقت ایک امریکی ڈالر کی قیمت تقریباً 32 ہزار ایرانی ریال تھی۔ تاہم 2018 میں امریکا کی جانب سے یکطرفہ طور پر اس معاہدے سے علیحدگی اور بعد ازاں سخت امریکی پابندیوں کے نفاذ کے بعد ایرانی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہو گئی۔
ان پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی ریال کی قدر مسلسل گرتی رہی اور 3 دسمبر 2025 کو ایک امریکی ڈالر 12 لاکھ ریال تک پہنچ گیا، جو صرف دو ہفتوں کے اندر مزید تنزلی کا شکار ہو کر 13 لاکھ ریال کی سطح تک گر گیا ہے۔
ملکی کرنسی کی قدر میں اس تیز رفتار کمی کے باعث ایرانی عوام شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ افراطِ زر میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے جبکہ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ معاشی ماہرین کے مطابق اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو ایران میں مہنگائی اور معاشی عدم استحکام مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔