عالمی پاسپورٹ رینکنگ: مالٹا پہلے نمبر پر، برطانیہ 35ویں اور امریکا 43ویں درجے پر چلا گیا

0

پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں یورپی ملک مالٹا پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے، جبکہ برطانیہ کا پاسپورٹ 35ویں اور امریکا کا 43ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ یہ درجہ بندی ایک سالانہ عالمی انڈیکس کے تحت کی گئی ہے جس میں دنیا کے 199 ممالک کو شامل کیا گیا۔

عالمی انڈیکس میں ممالک کی درجہ بندی ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سفر، شہریوں پر عائد ٹیکس نظام، عالمی تصور (گلوبل ریپیوٹیشن)، دوہری شہریت کی سہولت، ذاتی آزادی اور شہری حقوق سمیت متعدد اہم عوامل کی بنیاد پر کی گئی۔

درجہ بندی کے مطابق مالٹا نے مجموعی طور پر سب سے مضبوط اسکور حاصل کرتے ہوئے پہلا نمبر حاصل کیا، جبکہ یونان، آئرلینڈ اور رومانیہ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔ ان تینوں ممالک نے مختلف شعبوں میں غیرمعمولی کارکردگی دکھائی۔

انڈیکس کے مطابق یونان نے ویزا فری سفر کے زمرے میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کیا، جبکہ آئرلینڈ عالمی تصور اور ذاتی آزادی کے شعبوں میں سرفہرست رہا۔ رومانیہ نے بھی ذاتی آزادی کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھائی۔ تینوں ممالک کو دوہری شہریت کی سہولت کے باعث بھی نمایاں درجہ بندی ملی۔

قبرص کو بھی سرفہرست پانچ ممالک میں شامل کیا گیا ہے، تاہم برطانیہ کینیڈا اور جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ طور پر 35ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق برطانیہ کی درجہ بندی میں کمی کی بڑی وجہ سفری آزادی اور امیگریشن پالیسیوں میں سختی ہے۔

امریکا اس فہرست میں 43ویں نمبر پر رہا، جس کی بنیادی وجہ اس کا منفرد شہریت پر مبنی ٹیکس نظام قرار دیا گیا ہے، جہاں غیر ملکی آمدن پر بھی امریکی شہریوں کو ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے، جو عالمی معیار میں ایک منفی عنصر سمجھا جاتا ہے۔

یہ درجہ بندی عالمی سطح پر پاسپورٹس کی طاقت، شہری سہولیات اور آزادیوں کے بدلتے ہوئے رجحانات کی واضح عکاسی کرتی ہے، جس میں یورپی ممالک مسلسل سبقت لے جاتے دکھائی دے رہے ہیں

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.