کراچی: پاکستان کی مارشل آرٹس کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو گیا، جہاں کراچی سے تعلق رکھنے والی صبا راشد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کر لیا اور یوں وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروانے والی پاکستان کی پہلی مارشل آرٹ کھلاڑی بن گئیں۔
صبا راشد نے نن چکو (Nunchaku) کے ذریعے ایک منٹ میں “فیگر آف ایتھ” بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس مقابلے میں مقررہ ہدف 120 مرتبہ نن چکو گھمانا تھا، تاہم صبا راشد نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 138 مرتبہ نن چکو گھما کر سابقہ ریکارڈ کو واضح برتری سے توڑ دیا۔
یہ کارنامہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر مارشل آرٹس کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ صبا راشد نے اس ریکارڈ کے ذریعے بھارت کی کرن اونیال کو شکست دی، جو اس سے قبل سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والی کھلاڑی کے طور پر جانی جاتی تھیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ کے مطابق یہ ریکارڈ ایک نئی کیٹیگری کے تحت قائم کیا گیا تھا، جسے باقاعدہ طور پر گنیز کی ویب سائٹ پر اوپن کیا گیا، اور تمام شرائط پوری ہونے کے بعد صبا راشد کے ریکارڈ کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا گیا۔
صبا راشد کی اس کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں، سماجی شخصیات اور نوجوانوں کی جانب سے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ریکارڈ پاکستان میں مارشل آرٹس، خصوصاً خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑی تحریک ثابت ہو گا اور عالمی سطح پر پاکستانی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
صبا راشد نے اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریکارڈ پاکستان، خصوصاً پاکستانی خواتین کے نام ہے، اور ان کا مقصد نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا ہے کہ محنت، لگن اور حوصلے کے ساتھ عالمی سطح پر بھی نام بنایا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ صبا راشد کی یہ کامیابی پاکستان کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے، جو نہ صرف کھیلوں بلکہ خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے بھی ایک مثبت اور تاریخی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
