انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہاکی ورلڈکپ کی میزبانی جرمنی اور نیدرلینڈ مشترکہ طور پر کریں گے، جبکہ ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈز مصر اور چلی میں منعقد ہوں گے۔ پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی مصر کرے گا جبکہ دوسرے مرحلے کے مقابلے چلی میں ہوں گے۔
چار بار کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کوالیفائر کے پول ’بی‘ میں رکھا گیا ہے۔ اس پول میں پاکستان کے ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا، مصر، ملائیشیا، امریکا، جاپان اور چین شامل ہیں، جسے ماہرین ایک سخت اور مسابقتی گروپ قرار دے رہے ہیں۔
ایف آئی ایچ کے مطابق مارچ 2026 میں مصر میں منعقد ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر سے چار ٹیمیں براہِ راست ہاکی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کریں گی، تاہم مصر میں ہونے والے کوالیفائنگ ایونٹ کی حتمی تاریخوں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
پرو لیگ میں اہم مقابلے
ورلڈکپ کوالیفائر سے قبل قومی ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ کی قیادت میں ایف آئی ایچ پرو لیگ 2025-26 کے دوسرے مرحلے میں شرکت کرے گی۔ یہ مرحلہ آسٹریلیا کے شہر ہو بارٹ میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان ٹیم 10 سے 14 فروری 2026 کے دوران موجودہ عالمی چیمپئن جرمنی اور میزبان آسٹریلیا کے خلاف چار اہم میچز کھیلے گی۔
