پاکستان کے لیے اعزاز: سیدہ آمنہ بتول فیفا کی ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کی رکن مقرر

پاکستان کے لیے اعزاز: سیدہ آمنہ بتول فیفا کی ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کی رکن مقرر

پاکستان کی رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کو عالمی فٹبال کے اعلیٰ ترین ادارے فیفا کی معزز ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی میں مقرر کر دیا گیا ہے، جسے پاکستان کے لیے سفارتی اور کھیلوں کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ تقرری اس اعتبار سے بھی تاریخی ہے کہ سیدہ آمنہ بتول اس وقت فیفا کی مختلف کمیٹیوں میں پاکستان کی واحد نمائندہ ہیں۔ فیفا کی جانب سے یہ فیصلہ پاکستان کی ادارہ جاتی سمت پر اعتماد کی تجدید اور عالمی فٹبال گورننس میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق یہ تقرری موجودہ حکومت کی جانب سے فٹبال کے فروغ کے لیے کی جانے والی مسلسل اور سنجیدہ کوششوں کا واضح ثمر ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے فٹبال کو ایک آزاد، شفاف اور میرٹ پر مبنی کھیل کے طور پر آگے بڑھانے کے لیے مضبوط سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

اسی تناظر میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حالیہ ملاقات ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم آل خلیفہ سے بھی اہم قرار دی جا رہی ہے، جس میں پاکستان کی جانب سے ایک خودمختار اور شفاف فٹبال فیڈریشن، ملک گیر فٹبال کی ترقی اور بین الاقوامی فٹبال ایونٹس کی میزبانی کے عزم کی توثیق کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو بھی پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بڑھتے ہوئے عزم اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہ چکے ہیں۔

کھیلوں کے ماہرین کے مطابق سیدہ آمنہ بتول کی فیفا کی اہم کمیٹی میں شمولیت نہ صرف پاکستان کے عالمی تشخص کو بہتر بنائے گی بلکہ ملک میں فٹبال کے ادارہ جاتی استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے