سری لنکن کرکٹ ٹیم میں قیادت کی تبدیلی، داسن شناکا دوبارہ ٹی 20 کپتان مقرر

0

کولمبو – سری لنکا کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل اہم فیصلہ کرتے ہوئے چرِتھ اسالنکا کو کپتانی سے ہٹا کر داسن شناکا کو ایک بار پھر قومی ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

کرک انفو کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس فروری میں شیڈول مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی قیادت داسن شناکا کے سپرد کر دی ہے، جو ٹورنامنٹ کے اختتام تک کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

کپتانی میں یہ تبدیلی سابق سلیکشن کمیٹی کی مدت ختم ہونے کے باعث تاخیر کا شکار رہی، جس کی سربراہی اپُل تھارنگا کر رہے تھے۔ نئی سلیکشن کمیٹی کے قیام کے بعد یہ فیصلہ حتمی شکل اختیار کر سکا۔

ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر پرامودیا وکرما سنگھے نے تصدیق کی کہ داسن شناکا ہی ٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر کے مطابق سابق سلیکشن کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ 25 رکنی فہرست کو ہی ابتدائی اسکواڈ کے طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔ ہائی پرفارمنس یونٹ کے سربراہ جیروم جے راتنے اور کوچنگ اسٹاف سے تفصیلی مشاورت کے بعد اسی اسکواڈ کو ورلڈ کپ کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔

پرامودیا وکرما سنگھے کا کہنا تھا کہ داسن شناکا کو ایک آل راؤنڈر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ان کے کردار کو مزید واضح کیا جائے گا تاکہ ٹیم کو متوازن حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتارا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں کھیلی گئی سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے دوران داسن شناکا کو نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا، کیونکہ اس وقت کے کپتان چرِتھ اسالنکا بیماری کے باعث سیریز ادھوری چھوڑ کر وطن واپس چلے گئے تھے۔

اس سہ ملکی ٹورنامنٹ میں سری لنکا کو زمبابوے کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جہاں اسے میزبان پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.