انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل کل، پاکستان اور بھارت آمنے سامنے
دبئی – انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل میچ کل بروز اتوار روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ فیصلہ کن مقابلہ آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں منعقد ہوگا جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ گرین شرٹس کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں متوازن کارکردگی نے ٹیم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
پاکستان ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں جبکہ عثمان خان، احمد حسین، عبد السبحان اور سمیر منہاس جیسے باصلاحیت کھلاڑی ٹیم کی نمایاں طاقت سمجھے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی انڈر 19 ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے اور سیمی فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ بھارتی ٹیم ایوش مہاتر کی قیادت میں میدان میں اترے گی، جبکہ ویہان ملہوترا، ایرون جارج، کانشک چوہان اور ویبھو سوریہ ونشی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
دونوں روایتی حریفوں کے درمیان فائنل مقابلہ کرکٹ شائقین کے لیے غیر معمولی دلچسپی کا باعث بننے کی توقع ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ میں اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے باعث فائنل میں ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔