بھارتی ریاست آسام میں راجدھانی ایکسپریس ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی، آٹھ ہاتھی ہلاک

0

گوہاٹی – بھارتی ریاست آسام میں ایک افسوسناک حادثے کے دوران راجدھانی ایکسپریس ہاتھیوں کے ایک جھنڈ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ ہاتھی ہلاک جبکہ ایک ہاتھی کا بچہ زخمی ہو گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ رات تقریباً 2 بج کر 17 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب راجدھانی ایکسپریس آسام کے ہوجائی ضلع سے گزر رہی تھی۔ اسی دوران ہاتھیوں کا ایک جھنڈ اچانک ریلوے پٹری پر آ گیا۔

ٹرین کے ڈرائیور نے ہاتھیوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر ایمرجنسی بریک لگائی، تاہم تیز رفتار کے باعث ٹرین ہاتھیوں سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ انجن سمیت پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

ریلوے حکام کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بھارتی محکمہ جنگلات کے افسران نے تصدیق کی ہے کہ آٹھ ہاتھی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک زخمی بچے کو ریسکیو کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حادثے کے بعد متاثرہ ریلوے ٹریک پر ٹریفک معطل کر دی گئی جبکہ ریلوے اور جنگلاتی حکام نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مستقبل میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ آسام اور شمال مشرقی بھارت کے کئی علاقوں میں ریلوے لائنیں جنگلاتی راستوں سے گزرتی ہیں، جہاں ماضی میں بھی ٹرینوں اور جنگلی جانوروں کے درمیان ایسے حادثات پیش آتے رہے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.