غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے پر مذاکرات، قطر، مصر اور ترکیہ کے اعلیٰ عہدیدار میامی پہنچ گئے

0

میامی – غزہ میں جاری جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے پر پیش رفت کے لیے قطر، مصر اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی عہدیدار امریکی شہر میامی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملاقاتوں میں اسرائیلی فوج کے غزہ سے مکمل انخلا، حماس کے غیر مسلح ہونے اور جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ مذاکرات کے دوران اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے حوالے سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے حماس کا غیر مسلح ہونا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک حماس اسرائیل پر حملے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس وقت تک دیرپا امن ممکن نہیں ہو سکتا۔

مارکو روبیو نے زور دیا کہ جنگ بندی کو مؤثر بنانے اور خطے میں استحکام قائم رکھنے کے لیے تمام فریقین کو سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کے مطابق امریکا سفارتی کوششوں کے ذریعے غزہ میں مستقل امن کے قیام کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ قطر، مصر اور ترکیہ غزہ جنگ بندی معاہدے میں ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ماضی میں بھی فریقین کے درمیان مذاکرات میں کلیدی حیثیت رکھتے رہے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.