لاہور — انڈر 19 ایشیا کپ میں تاریخی کامیابی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے فی کس 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران اس انعامی رقم کا اعلان کیا۔ گفتگو کے دوران محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا ہے اور پوری قوم کو آپ پر ناز ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے فائنل میں شاندار اننگ کھیلنے والے سمیر منہاس کی خصوصی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کا فخر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے سمیر منہاس سے الگ گفتگو بھی کی اور ان کے لیے انفرادی انعام دینے کا عندیہ دیا، تاہم اس کی تفصیلات جلد سامنے آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس سے قبل بھی ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے پر قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 50، 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر چکا ہے، جسے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق پی سی بی کی جانب سے مسلسل مالی انعامات اور سرپرستی نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے اور مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
