جنوبی افریقہ: جوہانسبرگ میں اندھا دھند فائرنگ، کم از کم 10 افراد ہلاک، 10 زخمی

0

جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر جوہانسبرگ میں فائرنگ کے ایک ہولناک واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ کی صبح جوہانسبرگ کے جنوب مغربی علاقے بیکرسڈیل میں پیش آیا، جو شہر کے مرکزی حصے سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے اچانک گلیوں میں موجود عام شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کا محرک تاحال معلوم نہیں ہو سکا، جبکہ واقعے میں 12 مسلح افراد کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق حملہ آور دو گاڑیوں میں سوار ہو کر آئے، گاڑیوں سے اترتے ہی فائرنگ کی اور بعدازاں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اب تک کسی مشتبہ شخص کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی اور شواہد اکٹھا کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ میں فائرنگ اور پرتشدد جرائم کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ ملک میں قتل کی شرح دنیا میں بلند ترین سطح پر شمار ہوتی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس جنوبی افریقہ میں قتل کی شرح 20 برس کی بلند ترین سطح پر رہی، جہاں اوسطاً ہر 20 منٹ میں ایک قتل کا واقعہ رپورٹ ہوا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.